نئی دہلی،22؍ فروری (ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ نے ملک بھر میں 10ویں اور 12ویں کے بورڈ کے آف لائن امتحانات منسوخ کرنے کی درخواست کی سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔ سی جے آئی جسٹس این وی رمنا نے کہا کہ جسٹس اے ایم کھانولکر کی بنچ اس معاملے کی سماعت کرے گی۔ ایڈوکیٹ پرشانت پدمنابھن نے بنچ کو بتایا کہ یہ عرضی 10ویں اور 12ویں جماعت کے طلباء کے بورڈ امتحان سے متعلق ہے۔عرضی میں تمام ریاستی بورڈز، سی بی ایس ای اور آئی سی ایس ای سے 10ویں اور 12ویں بورڈ کے آف لائن امتحانات کو منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ چونکہ کووڈ کی وجہ سے فزیکل کلاسز کا انعقاد نہیں ہوا ہے، اس لیے آف لائن امتحانات کے بجائے آن لائن امتحان ہونا چاہیے۔ اس پر سی جے آئی نے کہا کہ یہ معاملہ جسٹس اے ایم کھانولکر کی بنچ کے سامنے درج کیا جائے گا۔وکیل اور بچوں کے حقوق کے کارکن انوبا سہائے سریواستو نے بھی ایک درخواست دائر کی ہے جس میں آف لائن امتحان کے بجائے متبادل تشخیصی طریقہ کے ذریعے نتائج دینے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ درخواست میں تمام بورڈز کو وقت پر نتائج کا اعلان کرنے اور درپیش مختلف چیلنجوں کے پیش نظر اصلاحی امتحان کا متبادل دینے کی بھی درخواست کی گئی ہے۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ عدالت کو CBSE، ICSE، NIOS اور ریاستی بورڈ کے دسویں، XI، XII کے طلباء کو آف لائن امتحان کے بجائے تشخیص کے متبادل طریقے اپنانے کی ہدایت کرنی چاہئے۔ اس کے علاوہ عدالت داخلی تشخیص سے مطمئن نہ ہونے والوں کے لیے اصلاحی ٹیسٹ کرانے کا بھی حکم دے۔درخواست میں کمپارٹمنٹ کے طلباء سمیت طلباء کی تشخیص کے فارمولے کو طے کرنے اور مقررہ مدت میں نتائج کا اعلان کرنے کے لئے ایک کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کا بھی مطالبہ کیا گیا ۔
عرضی میں کہا گیا ہے کہ کووڈ کی وجہ سے فزیکل کلاسز نہیں ہو رہی تھیں، ایسے میں بورڈ کے امتحانات آن لائن کرائے جائیں۔درخواست میں یو جی سی کو مختلف یونیورسٹیوں میں داخلے کی تاریخ کا اعلان کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل کا حکم دینے کی بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔